اسعدآباد، افغانستان (شِںہوا) افغانستان کے مشرقی صوبہ کنڑ میں پیر کی علی الصبح آنے والے زلزلے سے کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔
قدرتی آفات کے انتظام اور انسانی امور کے صوبائی سربراہ احسان اللہ احسان نے صحافیوں کو بتایا کہ زلزلے کا جھٹکا مقامی وقت کے مطابق قبل از سحر 2 بجکر 30 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ضلع نورگل کے علاقے مزار دارا میں 6 افراد جاں بحق اور دیگر 9 زخمی ہوئے۔
عہدیدار نے بتایا کہ پہاڑی صوبے میں زلزلے سے متعدد مکانات تباہ ہوگئے۔ جانی و املاک کے نقصانات بارے درست اعدادوشمار کے لئے سروے شروع کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 5.3 تھی جبکہ اس کا مرکز پڑوسی صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد شہر سے 38 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے افغان دارالحکومت کابل میں بھی محسوس کئے گئے۔
اس سے قبل 22 جون کو تباہ کن زلزلہ آیا تھا جس میں 1 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے جبکہ 3 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے جن میں سے زیادہ تر کا تعلق مشرقی پکتیکا اور پڑوسی صوبہ خوست سے تھا۔