کابل(شِنہوا)افغانستان میں خسرہ کی وبا پھیلنے لگی، وزارت صحت عامہ کے مطابق رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران خسرہ کے کیسز میں گزشتہ سال کے مقابلے میں37 فیصد اضافہ ہوا۔
طلوع نیوز کے مطابق وزارت کے ترجمان شرافت زمان امرخیل نے بتایا کہ رواں سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ملک میں خسرہ کے 3ہزارسے زیادہ مثبت کیسز کا اندراج کیا گیا۔
خسرہ وائرس سے پھیلنے والی ایک انتہائی متعدی بیماری ہے۔جو متاثرہ افراد کے سانس لینے کھانسی یا چھینکنے سے آسانی سے پھیلتی ہے۔ شدید علامات اور پیچیدگیوں سے یہ انسانی موت کا بھی سبب بن سکتی ہے۔خسرہ سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ ویکسینیشن ہے۔
افغانستان میں خسرہ کے کیسز تقریباً تمام صوبوں میں رپورٹ ہوتے ہیں۔ اپریل میں عالمی ادارہ صحت کی ایک کی رپورٹ کے مطابق، 2024 کے آغاز سے، ملک میں 18ہزار744 مشتبہ کیس رپورٹ اور اس وبائی مرض سے 94 اموات ریکارڈ کی گئیں۔