سرائے پل ، افغانستان (شِنہوا) افغانستان کے شمالی صوبے سرائے پل کے ضلع سن چارک میں اتوار کے روز پرائمری گرلز اسکول کی متعدد طالبات کو زہر دے دیا گیا۔
صوبائی ڈائریکٹر برائے اطلاعات و ثقافت مفتی امیر ساری پلی نے پیر کے روز بتایا کہ ضلع سن چارک کے قبود آب علاقے میں واقع فیض آباد گرلز اسکول کی کل 77 طالبات، سات اساتذہ، 5 والدین اور ایک ملازم کو زہردیا گیا تاہم متاثرہ افراد کی حالت مستحکم ہے۔
ساری پلی نے شِںہوا کو اس کی مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دریں اثنا متاثرہ طالبہ کی ماں مہناز نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
ایک اور طالب علم علی آغا کربلائی کے والد نے متاثرہ طالبات کی تعداد 80 بتائی اور کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
گاؤں والوں کے مطابق اتوار کو 80 متاثرہ طالبات سمیت 87 افراد کو اسپتال لے جایا گیا تھا۔