ہرات(شِنہوا)افغانستان کے مغربی صوبہ ہرات کے دارالحکومت ہرات شہر کی ایک مسجد کے باہر دھماکہ کے باعث 18افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو گئے ہیں۔
صوبائی انتظامیہ کے ترجمان مولوی حامد اللہ متوکل نے جمعہ کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ آج ہرات شہر میں واقع مسجد"گزرگاہ" کے باہر دھماکہ کے نتیجے میں معروف عالم دین مولوی مجیب الرحمان انصاری اور ان کے بھائی حبیب الرحمان انصاری سمیت 18 افراد جاں بحق اور 23 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
ترجمان نے مزید کوئی تفصیلات فراہم کیے بغیر کہا کہ مہلک واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دریں اثناء ہرات پولیس کے ترجمان محمود شاہ رسولی نے صحافیوں کو بتایا کہ مرحوم مولوی انصاری نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد کی طرف جارہے تھے کہ ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں خودکش بمبار اور مولوی انصاری سمیت متعدد افراد موقع پر ہی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
ابھی تک کسی گروہ یا فرد نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
رسولی نے اس مہلک حملے کا الزام دشمنوں پر لگایا لیکن کسی خاص گروہ کا نام نہیں لیا۔