شبرغان، افغانستان(شِنہوا)افغانستان میں گزشتہ چند دنوں میں شدید برفباری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کے باعث شمالی صوبے جوزجان اور ہمسایہ صوبہ سر پل میں خواتین اور بچوں سمیت 25 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
صوبائی پولیس کے ترجمان عبدالستار حلیمی نے بدھ کے روز نامہ نگاروں کو بتایا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران صوبہ جوزجان کے اضلاع خماب، خاناقہ اور آقچہ میں شدید برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کی وجہ سے 9 مرد، 4 بچوں اور 5 خواتین سمیت کل 18 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
اسی طرح صوبائی انتظامیہ کے اہلکار سید صفت اللہ صفوان نے تصدیق کی ہے کہ جوزجان کے ہمسایہ صوبہ سر پل میں اسی طرح پیر سے لیکر اب تک انتہائی سرد موسم اور شدید برفباری کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
شدید سرد موسم اور برف باری نے جنگ زدہ افغانستان کے کچھ حصوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جہاں گزشتہ ہفتے کے دوران کچھ علاقوں میں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرچکا ہے، اطلاعات کے مطابق قندوز، فاریاب، بادغیس، جوزجان اور سری پل صوبوں میں خواتین اور بچوں سمیت 60 سے زائد افراد جان گنوا بیٹھے ہیں اور ہزاروں مویشی ہلاک ہو چکے ہیں۔