ایبک(شِنہوا) افغانستان کے شمالی صوبہ سمنگان میں ایک مدرسے میں دھماکے کے باعث کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 22 دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔
ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کابل سے 215 کلومیٹر شمال میں صوبائی دارالحکومت ایبک شہر میں واقع مدرسہ جہادیہ(جہادی مدرسہ) میں دھماکہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 22 دیگر زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
اہلکار نے بتایا کہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
دریں اثناء وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالنفی تکور نے خونی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بدھ کی سہ پہر صوبہ سمنگان کے مدرسہ میں ہونیوالے دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
کسی گروہ یا فرد نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔