کابل(شِنہوا) افغان نگراں حکومت کے قائم مقام وزیر صنعت و تجارت نورالدین عزیزی نے کہا ہے کہ کابل انتظامیہ اگلے تین سالوں میں خود کفالت حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ نجی ٹیلی ویژن چینل طلوع نیوز کے مطابق عزیزی نے کہا کہ ہم خود کفالت کی طرف جا رہے ہیں اور اگلے تین سالوں میں ہدف حاصل کر لیں گے۔ ہم اپنے تجارتی تعلقات کو بھی بہتر بنائیں گے۔ طلوع نیوز کے زیر اہتمام پینل مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے عزیزی نے کہا کہ ہمیں اپنے بجٹ اخراجات کو اپنے قومی محصولات سے پوراکرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں غیر ملکی امداد کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔ اگست 2021 میں افغانستان سے امریکی زیرقیادت افواج کے انخلاء اور امریکی بینکوں میں افغان مرکزی بینک کے 9 ارب ڈالر سے زیادہ کے اثاثے منجمد رکھنے کے بعد افغانستان کو سخت معاشی مسائل کا سامنا ہے۔