کابل(شِنہوا)افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ امیر خان متقی نے دوحہ میں منعقدہ ایک اجلاس میں امریکی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان کے خلاف امریکی پابندیاں ہٹا دی جانی چاہئیں۔
مقامی طلوع نیوز ٹی وی نے نگران حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے حوالے سے کہا کہ امیر خان متقی نے امریکہ پر یہ زوربھی دیا کہ وہ افغانستان کی اقتصادی ترقی میں رکاوٹیں پیدا نہ کرے۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ افغان وفد کی قیادت امیر خان متقی کر رہے تھے اور اس میں ملک کے مرکزی بینک دا افغانستان بینک، وزارت خزانہ کے نمائندوں کے علاوہ دوحہ میں افغان سفارت خانے کے حکام بھی شامل تھے۔
افغان وفد افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ سے ملاقات کے لیے ہفتے کے روز کابل سے قطر روانہ ہوا تھا۔