جلال آباد(شِنہوا) افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہارمیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں4 افراد کو گرفتار کیا ہے اور 18 ہتھیار ضبط کرلئے جن میں اسالٹ رائفلز بھی شامل ہیں۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ برائے انٹیلی جنس (جی ڈی آئی) کے صوبائی سربراہ مولوی محمد اللہ ادریس نے جمعرات کے روز بتایا کہ یہ ہتھیار صوبائی دارالحکومت جلال آباد ، خوگیانی اور سرخرد کے اضلاع میں برآمد کئے گئے ۔ 4 افراد کو تفتیش کے لئے حراست میں لیا گیا ہے۔
ادریس نے صحافیوں کو بتایا کہ جلال آباد، خوگیانی اور سرخرد میں کارروائیوں کے دوران جی ڈی آئی کے خصوصی یونٹس کے اہلکاروں نے گزشتہ 5 روز کے دوران 18 ہتھیار قبضے میں لئے جن میں اے کے 47، ایک آرپی جی۔ 7 اور 2 پستول شامل ہیں، جبکہ 4 افراد گرفتار کرلئے گئےہیں۔
عہدیدار نے مزید تفصیلات مہیا کئے بغیر کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی کو بھی صوبے میں امن عامہ خراب کرنے نہیں دیں گے۔
نگراں حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جنگ زدہ ملک میں ہرشخص سے غیرقانونی اسلحہ اور گولہ باردو واپس لے لیا جائے گا۔