• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

افغان فورسز کا مزار شریف میں داعش کے ٹھکانوں پر چھاپہتازترین

March 27, 2023

مزارشریف، افغانستان (شِنہوا) افغانستان کے صوبہ بلخ میں افغان فورسز نے اتوار کے روز داعش کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا جس میں متعدد عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

کاؤنٹر انٹیلی جنس ایجنسی نے پیر کے روز ایک بیان میں بتایا کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس کے اہلکاروں نے مزار شریف شہر کے پولیس اضلاع 5، 8 اور 10 میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس میں متعدد باغی مارے گئے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ داعش کے متعدد عسکریت پسند گرفتار کرلئے گئے ہیں جو کابل، فریاب اور بلخ صوبوں میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور کئی ہفتے قبل بلخ کے گورنر کے قتل میں ملوث تھے۔

افغان فورسز  کی جانب سے قومی دارالحکومت کابل اور شمالی مزار شریف شہر میں داعش کے ٹھکانوں کے خلاف گزشتہ ہفتوں کے دوران شروع کیا گیا یہ چوتھا آپریشن ہے جس میں داعش کے متعدد عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ حریف مسلح گروپ نے اس بارے کچھ نہیں بتایا ہے۔

افغانستان کی نگران انتظامیہ نے داعش کو سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ جنگ زدہ ملک میں کسی بھی مقام پر مسلح مخالفین کو ختم کردیں گے۔