بیجنگ(شِنہوا)چین میں ملکی سطح پر نوول کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور پیچیدہ عالمی ماحول کی وجہ سے درپیش چیلنجوں کے باوجود 2022ء کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران معیشت میں لچکدار نشوونما جاری رہی ہے۔
جمعرات کے روز جاری ہونیوالے سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جنوری تا نومبر کے عرصہ میں دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت میں مستقل اثاثوں میں سرمایہ کاری، صنعتی پیداوار اور آن لائن خوردہ فروخت و دیگر شعبوں میں مسلسل توسیع دیکھی گئی ہے۔
قومی شماریات بیورو(این بی ایس) کے مطابق اس مدت کے دوران چین کے مستقل اثاثوں میں سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کی نسبت 5.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ سال کی نسبت انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری 8.9 فیصد ، مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری 9.3 فیصد بڑھ گئی ہے جبکہ ہائی ٹیک کے شعبہ کی سرمایہ کاری میں 19.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ابتدائی 11 ماہ کے دوران مقررہ حجم سے بڑے صنعتی اداروں کی کل اضافی قدر میں گزشتہ سال کی نسبت 3.8 فیصد نشوونما ہوئی ہے ، ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ کے شعبہ کی اضافی قدر ایک سال قبل کے مقابلے 8 فیصد بڑھ گئی ہے۔
خاص طور پر گرین سمارٹ مصنوعات جیسے کہ نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں اور سولر سیلز کی پیداوار میں بالترتیب 100.5 فیصد اور 44.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔