سڈنی (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے امریکی اتحادی اور چین کے شراکت دارملک ہونے کی حیثیت سے اپنے بنیادی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے آزادانہ طریقے سے پالیسیاں بنا نے پر چین ، آسٹریلیا کاخیرمقدم کرتا ہے۔
آسٹریلیا کے دورے پر موجود کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیوروکے رکن وانگ یی نے یہ بات آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم پال کیٹنگ سے ملاقات کے دوران کہی۔
وانگ یی نے چین ۔ آسٹریلیا تعلقات میں پیشرفت کے لئے کیٹنگ کی دیرینہ توجہ اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ چونکہ دونوں ممالک ایشیا ۔ بحرالکاہل خطے میں واقع ہیں اور ان کی معیشتیں ایک دوسرے پر انحصار کرتی ہیں اور انکے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہیں اس لئے چین اور آسٹریلیا کو باہمی مفید تعاون حاصل کرنے کے لئے باہمی افہام وتفہیم اور اعتماد کو فروغ دینا چاہئے۔
وانگ یی نے کہا کہ رواں سال چین ۔ آسٹریلیا جامع سٹریٹجک شراکت داری کے قیام کی 10 ویں سالگرہ ہے جو ماضی کے تجربات کا تجزیہ کرنے اور مستقبل میں آگے بڑھنے کا ایک اہم موقع مہیا کرتی ہے۔ دونوں فریقین کی مشترکہ کوششوں سے چین۔ آسٹریلیا تعلقات درست راہ پرواپس آرہے ہیں۔
اس موقع پر آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم پال کیٹنگ نے کہا کہ چین ایک بہت بڑی معیشت رکھتا ہے جس میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں یہ دوسرے ممالک کے لئے خطرہ نہیں بلکہ علاقائی امن اور استحکام کے لئے سازگار ہے۔
کیٹنگ نے چین کی ترقی کی نہ رکنے والی پیشرفت پر یقین رکھتے ہوئے آسٹریلیا - چین تعلقات کے امید افزا نقطہ نگاہ پر اعتماد ظاہر کیا۔