بیجنگ(شِنہوا)چین نے آسٹریلیا کی جانب سے اپنی وفاقی حکومت کی ڈیوائسز پر ٹک ٹاک پر پابندی کو امتیازی اقدام قرار دیا ہے۔
چین کی وزرات تجارت نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے آسٹریلیا کو قومی سلامتی کے تحفظ میں مدد نہیں ملے گی بلکہ اس کے کاروباری ماحول میں بین الاقوامی برادری کے اعتماد اور آسٹریلوی اداروں اور اس کے لوگوں کے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔
وزارت نے کہا کہ چینی حکومت نے ہمیشہ اپنے ملک کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ مارکیٹ اصولوں اور بین الاقوامی اقتصادی و تجارتی قواعد کے مطابق بین الاقوامی آپریشنز کریں اور میزبان ملک کے قوانین اور ضوابط کی تعمیل کریں۔
وزارت تجارت نے آسٹریلیا پر زور دیا کہ وہ تمام کاروباری اداروں کے ساتھ منصفانہ اور مساوی سلوک کرے، انہیں کھلا، شفاف اور غیر امتیازی کاروباری ماحول فراہم کرے اور چین اور آسٹریلیا کے درمیان سازگار اقتصادی اور تجارتی تعاون کا ماحول پیدا کرے۔