• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 22nd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

عرب وزرائے خارجہ کا غزہ سے اسرائیل کے مکمل انخلاء پر زورتازترین

September 11, 2024

قاہرہ(شِنہوا))عرب ممالک کے وزرائے خارجہ نے  فلاڈلفی  راہداری اور رفح کراسنگ کے فلسطینی حصے سمیت غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے مکمل انخلا پر زور دیا ہے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں وزارتی سطح پر عرب لیگ (اے ایل) کونسل کے 162 ویں اجلاس کے بعد جاری ہونے والی ایک قرارداد کے مطابق وزرا نے  غزہ کے کسی بھی حصے پر کنٹرول کے  اسرائیلی منصوبوں کو واضح طور پر مسترد کردیا۔

اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے عہدیداروں کے علاوہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان نے بھی اجلاس میں شرکت کی، جو 13 سال میں عرب لیگ کے وزارتی اجلاس میں کسی اعلیٰ ترک سفارت کار کی پہلی شرکت ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فلسطین اور مصر کی سرحدیں خود مختار ہیں جنہیں چھوا نہیں جانا چاہیے،قرار داد میں رفح کراسنگ کو قابل اطلاق قوانین کے مطابق چلانے اور کراسنگ کے ذریعے محفوظ، مناسب اور تیز رفتار انسانی رسائی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

قرارداد میں وزرا نے کہا کہ نیتن یاہو کے الزامات اور جھوٹ کو راہداری سے دستبرداری کے انکار کا جواز پیش کرنے، مصر، قطر اور امریکہ کی ثالثی کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے اور فلسطینی عوام کے خلاف ان کی حکومت کی اشتعال انگیز پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کی مایوس کن کوششیں ہیں۔

  وزرا نے غزہ میں اسرائیل کی مسلسل موجودگی کی غیر قانونی حیثیت  کی تصدیق کرنے ، وہاں اسرائیل کی غیر قانونی موجودگی کو جلد از جلد ختم کرنے اور آبادکاری کی تمام سرگرمیوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے جنوبی افریقہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے اہم عدالتی ادارے بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف دائر مقدمے کی حمایت میں باضابطہ طور پر فریق بننے پر بھی اتفاق کیا  ہےاور بین الاقوامی فوجداری عدالت پر زور دیا کہ وہ ان  اسرائیلی رہنماؤں کے  وارنٹ گرفتاری جاری کرے  جن کے بارے میں عدالت کا خیال ہے کہ انہوں نے اس کے دائرہ اختیار میں آنے والے جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔