منامہ(شِنہوا)عرب لیگ نے دوریاستی حل پر عمل درآمد تک فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کی امن فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
بحرین کے دارالحکومت منامہ میں منعقدہ 33ویں عرب لیگ کے سربراہ اجلاس کے اختتام کے بعد جاری کردہ بحرین اعلامیے میں شریک ممالک نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دو ریاستی حل پر مبنی امن عمل کو آگے بڑھانے ، منصفانہ اور جامع امن کے حصول کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
اعلامیے میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت کو فوری روکنے، غزہ سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلاء، محاصرہ ختم کرنے، تمام رکاوٹیں ہٹانے اور فلسطین میں مناسب انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام گزر گاہیں کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں مشرقی یروشلم سمیت غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے زبردستی بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کیا گیا۔
اعلامیہ میں فلسطینی شہریوں کے گرد محاصرہ سخت کرنے کے لیے رفح کراسنگ کے فلسطینی علاقے پر اسرائیلی افواج کے کنٹرول کی مذمت کی گئی۔
اعلامیے میں فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے اور دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے ناقابل واپسی اقدامات کے مطالبے کی حمایت کی گئی۔
عرب لیگ نے سوڈان کی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور سوڈانی ریاست کے اداروں کے تحفظ کے لیے خرطوم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔