انقرہ(شِنہوا)شمالی عراق میں کالعدم کردستان ورکرز پارٹی(پی کے کے) کے عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں 4 ترک فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
ترک وزارت دفاع نے پیر کے روز بتایا کہ یہ جھڑپ گزشتہ روز ترکی کے سرحد پار آپریشن والے علاقے میں ترک سیکورٹی فورسز کے ایک سرچ آپریشن کے وقت ہوئی۔
آپریشن پنجہ کلید کےعلاقے میں کردستان ورکرز پارٹی کے عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں 2 فوجی ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہوئے لیکن ان 4 زخمیوں میں سے 2 بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گئے ۔
سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی نے پیر کے روز بتایا کہ دریں اثناء عراق کے شمالی صوبہ اربیل کے قصبے خلیفان میں ایک ترک آپریشن کے دوران کردستان ورکرز پارٹی کی قاتلانہ ٹیم کا رکن ودات اکسچ اور گروہ کے دیگر 2 ممبران مارے گئے ہیں۔
ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق ترک انٹیلی جنس سروس کو پتہ چلا کہ اکساک حملہ کرنے کی نیت سے ترکی کے شہروں کا سفر کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔