عراق کے بغداد میں جھڑپیں جاری ، گرین زون پر 4 راکٹ فائرتازترین
August 31, 2022
بغداد(شِنہوا)عراق کے بغداد میں واقع قلعہ بند گرین زون پر 4 راکٹ فائر کیے گئے ہیں ، شیعہ عالم دین مقتدیٰ الصدر کے سیاست سے مستعفیٰ ہونے کے بعد ان کے حامیوں کی جانب سے کیے جانیوالےاحتجاجی مظاہروں میں اب تک 22 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
عراقی جوائنٹ آپریشن کمانڈز کے میڈیا دفتر کی جانب سے منگل کے روز جاری کیے جانیوالے بیان کے مطابق راکٹ بغداد کے مشرقی محلوں الحبیبیہ اور البلادیات سے داغے گئے اور گرین زون کے اندرایک رہائشی کمپاؤنڈ پر گرے ، گرین زون میں کچھ مرکزی حکومتی عمارتیں، عراقی اعلیٰ حکام کی رہائشگاہیں اور کچھ غیر ملکی سفارتخانے قائم ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ ماسوائے کچھ نقصانات کے راکٹوں کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
دریں اثناء گرین زون اور بغداد کے دیگر علاقوں میں الصدر کے وفادارسرایا السلام یا امن کمپنیوں اور الصدر کے مخالف دوسری شیعہ جماعتوں سے وابستہ ملیشیاء اہلکاروں کے مابین جھڑپیں رات بھر جاری رہیں۔
بغداد آپریشن کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ جھڑپوں کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔