واشنگٹن (شِنہوا)امریکہ بھر میں2022 کے وسط مدتی انتخابات کے چند دن بعد بھی ایوان نمائندگان کا کنٹرول بدستور غیر واضح ہے۔
سی این این کے اندازے کے مطابق اتوار کی رات تک 435 کے ایوان میں سے 20 نشستوں پر فیصلہ ہو نا ابھی باقی ہے تاہم ریپبلیکن پہلے ہی ڈیموکریٹس کی 204 نشستوں کے مقابلے میں 211 پر کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔
ان میں سے بہت سارے غیر فیصلہ کن مقابلے کیلیفورنیا میں ہوئے ہیں، جہاں میل کے ذریعے بھیجے گئے ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے۔
ریاست الاسکا، ایریزونا ، کولوراڈو اور اوریگون ان دیگر ریاستوں میں شامل ہیں جہاں ایوان کے لئے دوڑ ابھی مکمل نہیں ہوئی ۔
ایوان زیریں پر کنٹرول کا دعویٰ کرنے کے لیے کم از کم 218 نشستیں درکار ہوتی ہیں جہاں اس مدت کے دوران ڈیموکریٹس کو کم اکثریت حاصل ہے۔
امریکی سینیٹ میں رواں سال 100 میں سے 35 نشستیں مقابلے کے لئے خالی تھیں۔
ڈیموکریٹس کے لئے کم از کم 50 نشستوں کے ساتھ اپنی اکثریت برقرار رکھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے حالانکہ جارجیا کی دوڑ اگلے مہینے دوبارہ الیکشن کی طرف جارہی ہے۔
فی الحال ایوان بالا 50 ۔50 میں تقسیم ہے جبکہ مقابلہ برابر ہونے کی صورت میں نائب صدر کملا ہیرس ڈیموکریٹس کے حق میں ووٹ ڈالنے کی اہل ہیں۔
نئی کانگریس پہلی بار 3 جنوری 2023 کو بلائی جائے گی۔