جنیوا(شِنہوا)ایسے وقت میں جب دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں،مسلح تنازعات اور کوویڈ-19 سمیت متعدد بحرانوں کا سامنا ہے، ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی) نے بین الاقوامی برادری سے انسانی امداد میں اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی سی آر سی کے ڈائریکٹر جنرل رابرٹ مارڈینی نے بین الاقوامی برادری کی اپیل کے ساتھ بین الاقوامی انسانی قانون کو فروغ دینے اور مسلح تنازعات میں شہریوں کے تحفظ میں چین کے کردار کوبھی سراہاہے۔
جنیوا میں تنظیم کے ہیڈ کوارٹر میں شِنہوا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں مارڈینی نے کہا کہ اس وقت بدقسمتی سے دنیا کے حالات اچھے نہیں ہیں۔
مارڈینی نے کہا کہ یوکرین اس سال ریڈ کراس کی امدادی سرگرمیوں کا سب سے بڑا مرکزہے، تاہم، انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس وقت پوری دنیا میں 100 سے زائد دیگر مقامات پر مسلح تنازعات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ان تمام تنازعات پر بین الاقوامی برادری کی مناسب توجہ نہیں ہے۔
چین کی ریڈ کراس سوسائٹی کی طرف سے یوکرین کی ریڈ کراس سوسائٹی کو بھیجا گیا امدادی سامان وارسا میں لوڈ کیا جارہا ہے۔(شِنہوا)
انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں سے زیادہ تر ایسے ہیں جہاں کے لوگ اور کمیونٹیز مسلح تصادم کے پیچیدہ اثرات، موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آب و ہوا کے جھٹکوں، کوویڈ-19 کے سماجی و اقتصادی اثرات اور اب عالمی سطح پرپڑنے والے یوکرین روس تنازعہ کے اثرات سے متاثر ہیں۔