ٹوکیو(شِنہوا) بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے اپنی حفاظتی جائزہ رپورٹ میں فوکوشیما ڈائیچی نیوکلیئر پاور پلانٹ سے تابکاری سے آلودہ پانی کو سمندر میں چھوڑنے کے جاپانی حکومت کے فیصلے کی حمایت نہیں کی۔
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کی طرف سے گزشتہ روز ٹوکیو میں جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا کو رپورٹ پیش کی گئی، رپورٹ کے پیش لفظ میں آئی اے ای اے کے سربراہ نے کہا کہ وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ فوکوشیما ڈائیچی پاور سٹیشن میں ذخیرہ شدہ ٹریٹڈ پانی کو سمندر میں بہانا جاپان حکومت کا قومی فیصلہ ہے اور یہ رپورٹ نہ تو اس پالیسی کی سفارش کرتی ہے اور نہ ہی اس کی توثیق کرتی ہے۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی ٹوکیو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔(شِنہوا)
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس میں بیان کردہ خیالات لازمی طور پر آئی اے ای اے کے رکن ممالک کے خیالات کی عکاسی نہیں کرتے۔ رپورٹ کے مطابق نہ تو آئی اے ای اے اور نہ ہی اس کے رکن ممالک اس کے استعمال سے پیدا ہونے والے نتائج کی کوئی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔
جاپانی حکومت اس موسم گرما میں تابکاری سے آلودہ پانی کوسمندر برد کرنے پر زور دے رہی ہے، جس کی ملک کے فشنگ گروپس ، پڑوسی ممالک، بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں، جنوبی بحرالکاہل کے جزائر پر مشتمل ممالک اور مجموعی طور پر بین الاقوامی برادری کی طرف سے سخت مخالفت کی گئی ہے اور اس حوالے سے شکوک و شبہات نے جنم لیاہے۔