واشنگٹن(شِنہوا)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے جغرافیائی سیاسی تقسیم کے خطرہ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جغرافیائی سیاست منفی اثرات کے ساتھ جیو اکنامکس میں بدل جاتی ہے۔
آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے دوران پریس کانفرنس میں شِنہوا کے ایک سوال کے جواب میں جارجیوا نے کہا کہ ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر ممالک نے اپنے لیے ایک زیادہ مربوط عالمی معیشت کی بنیاد پر ترقی اور روزگار کو آگے بڑھانے کےمواقع پر زوردیا ہے۔
آئی ایم ایف بورڈ آف گورنرز کی پالیسی ایڈوائزری کمیٹی،بین الاقوامی مالی ومالیاتی کمیٹی (آئی ایم ایف سی) کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے،جارجیوا نے کہا کہ یہ چھوٹی ترقی یافتہ معیشتوں کی طرف سے آنے والا پیغام بھی ہے۔
آئی ایم ایف کی سربراہ نے کہا کہ اجلاس میں اکثریت کا موقف تھا کہ ہم ممکنہ معاشی عدم استحکام کی اجازت نہیں دے سکتے ہیں کیونکہ ایسا ہونے سے ہر ملک غریب ہوگا ، لیکن یہ کم آمدنی والے اور ابھرتی ہوئی مارکیٹوں اور ترقی پذیر معیشتوں کے لئے تباہ کن ہوگا۔
جارجیوا نے کہا کہ ایک تخمینے سے پتہ چلتا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کو عالمی اقتصادی تقسیم کی صورت میں پیداوار کی مد میں 2 فیصد نقصان ہوگا، جب کہ ابھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں کے لیے، یہ 10 سے 15 فیصد ہو سکتا ہے۔