قاہرہ (شِنہوا) قاہرہ میں قائم مصر۔ چینی چیمبر آف کامرس کے سیکرٹری جنرل ضیاء حلیمی نے کہا ہے کہ عالمی جنوب کی ترقی پذیر ریاستیں امریکی بالادستی سے پاک اور منصفانہ عالمی معاشی حکمرانی پر مبنی ایسی کثیر قطبی عالمی نظام کی خواہش مند ہیں جس کے تحت وہ منصفانہ اور باہمی فائدہ مند شراکت داری کے ذریعے پائیدار ترقی حاصل کرسکیں۔
مصری ماہر معاشیات نے شِنہوا کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ منصفانہ عالمی معاشی نظام میں تمام فریقین مشترکہ مفادات، تنازعات کے پرامن حل اور پائیدار ترقی میں تعاون کو ترجیح دیں گے۔
حالیہ برسوں میں ترقی پذیر ممالک اور ابھرتی معیشتوں کے نمائندوں نے برکس، غیر وابستہ تحریک، گروپ آف 77 اور دیگر فورمز کے مختلف اہم اجلاسوں میں شرکت کی جس میں انہوں نے پرامن، منصفانہ اور پائیدار دنیا کی تعمیر کے لیے اتحاد، تعاون، اصلاحات اور مشترکہ کوششوں کا مطالبہ کیا۔
ضیاء حلیمی جو مصری کونسل برائے امور خارجہ کی اقتصادی کمیٹی کے رکن بھی ہیں نے بتایا کہ یہ ملاقاتیں ترقی پذیر ممالک کو ایک نئی کثیر قطبی دنیا کی ضرورت سے متعلق آگاہی دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک اور ابھرتی معیشتیں اقتصادی تعلقات کو مختلف شعبوں پر استوار کرنے اور چین جیسی اہم معیشتوں کے ساتھ تعاون کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہ تسلیم کرتے ہیں مصر سمیت زیادہ تر ترقی پذیر ممالک نے محسوس کیا ہے کہ برکس اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) جیسے تعاون کے منصوبوں سے ایک ایسا مستقبل بنانے میں مدد ملے گی جہاں مشترکہ مفادات اور مثبت نتائج حاصل کئے جاسکیں۔