جنیوا(شِنہوا)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ایم پوکس کو بین الاقوامی تشویش کی عوامی صحت کی ہنگامی حالت (پی ایچ ای آئی سی) قرار دیتے ہوئے اس کی مزید بین الاقوامی منتقلی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے جنیوا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس میں قراردیا گیا ہے کہ یہ صورتحال بین الاقوامی سطح پر صحت عامہ کیلئے باعث تشویش ہنگامی صورت حال ہے۔
ٹیڈروس نے کہا کہ پی ایچ ای آئی سی بین الاقوامی صحت کے قانون کے تحت خطرے کی بلند ترین سطح ہے۔ یہ ایک ایسی چیز ہے جس پر ہم سب کو فکر مند ہونا چاہئےجبکہ افریقہ کے اندر اور اس سے باہرایم پوکس مزید پھیلنے کا امکان بہت پریشان کن ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اب تک رپورٹ ہونے والے ایم پوکس کے کیسز گزشتہ سال کے مجموعی کیسز سے زیادہ ہیں جو 14 ہزار سے زائد کیسزتک پہنچ گئے ہیں جن میں 524 اموات ہوئیں۔
ڈبلیو ایچ او کا یہ اعلان افریقہ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (افریقہ سی ڈی سی) کی جانب سے جاری ایم پوکس کی وبا کو براعظم کے لیے صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال قرار دیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔