بیجنگ (شِنہوا) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ نے چینی محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار کے ساتھ فون پر بات چیت میں نوول کرونا وائرس وبا سے نمٹنے کے لیے چینی حکومت کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
قومی صحت کمیشن کے مطابق اس کے ڈائریکٹر ما شیاؤوی نے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادانوم گیبریئس کے ساتھ چین کے نوول کرونا وائرس بارے موجودہ ردعمل پر تبادلہ خیال کیا۔
ما نے کہا کہ چین اس وبا کے آغاز سے ہی عالمی ادارہ صحت اور دیگر ملکوں کے ساتھ نوول کرونا وائرس کی معلومات کا تبادلہ کر رہا ہے۔ چین پہلا ملک تھا جس نے بیماری کی شناخت کی اور وائرس کی جینوم کی ترتیب سمیت اہم معلومات کو عام کیا۔ چین نے عالمی ادارہ صحت کے ساتھ تکنیکی تبادلے کے لئے طریقہ کار بھی وضع کیا۔
ما نے کہا کہ چین نے اپنے نوول کرونا وائرس کے ردعمل کو بہتر بنا نے کے بعد ڈ بلیو ایچ او کے ساتھ بہت سے تکنیکی تبادلے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین وائرس سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو یکجا کرنے میں صحت کے عالمی ادارے کے کردار کی حمایت جاری رکھے گا۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے طویل مدتی تکنیکی تبادلے کو برقرار رکھنے اور صحت کے عالمی ادارے کے ساتھ وبا کی معلومات اوراعداد وشمار کا اشتراک کرنے کے لیے چین کی کوششوں کو سراہا۔
فریقین نے تکنیکی تبادلوں اور وبا کی روک تھام اور اس پر قابو پانے کے حوالے سے تعاون کو مستحکم بنانے اور عالمی صحت کی سلامتی کو مشترکہ طور پر برقرار رکھنے بارے اتفاق کیا۔