نوم پین (شِنہوا) کمبوڈیا کے وزیر اعظم سمدیچ ٹیکو ہن سین نے پیر کے روز کہا ہے کہ امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان سہ فریقی فوجی معاہدہ (اے یو کے یو ایس) اتحاد جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن (آسیان) کے لئے تشویش کا باعث بن رہا ہے۔
ستمبر 2021 میں اعلان کردہ(اے یو کے یو ایس) اتحاد کے تحت آسٹریلیا ،امریکہ اور برطانیہ کی فراہم کردہ ٹیکنالوجی کے ساتھ جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزیں بنانے کے قابل ہو گا۔
رائل یونیورسٹی آف لاء اینڈ اکنامکس میں تقریباً6 ہزار طلبا کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزوں سے متعلق چھوٹے پیمانے کا اتحاد آسیان اور خطے کے ممالک کے لیے تشویش کا باعث بنتا جا رہا ہے کیونکہ آسیان جوہری ہتھیاروں سے پاک علاقہ ہے اور ہم جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی مخالفت کرتے ہیں۔
ہن سین نے کہا کہ یہ فوجی اتحاد خطے میں ہتھیاروں کی ایک انتہائی خطرناک دوڑ کا نقطہ آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اگر یہ صورتحال جاری رہی تو دنیا کو ایک بڑے خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
نوم پین میں بیلٹی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے سینئر پروفیسر جوزف میتھیوز کا کہنا ہے کہ اے یو کے یو ایس آسیان اور پورے ایشیائی خطے کی سلامتی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ اتحاد خطے میں روایتی اور جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کو جنم دے گا اور اس طرح امن و سلامتی کو غیر مستحکم کرے گا، اقتصادی ترقی کو نقصان پہنچائے گا اور آسیان کی مرکزیت کو تباہ کر دے گا۔