اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں سیشن کے صدر ڈینس فرانسس نے کہا ہے کہ 21 ویں صدی میں ترقی کو پائیداری درکار ہے۔
نیو یارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں شِنہوا سے ایک خصوصی انٹرویو میں فرانسس نے 20 ویں اور 21 ویں صدی کے ترقیاتی ماڈلز کے درمیان واضح فرق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انفرادی اور قومی دونوں سطح پر پیداوار اور کھپت کے زیادہ پائیدار نمونوں کی سمت معاشی حکمت عملی اور طرز عمل میں تبدیلی کی فوری ضرورت ہے۔
فرانسس نے کہا کہ ہمارے تجربے نے ڈرامائی انداز میں یہ ثابت کیا ہے کہ 20 ویں صدی میں ترقی کے طریقہ کار نے درحقیقت معاشرے اور تہذیب کے لئے بہت زیادہ مسائل اور چیلنجز پیدا کیے ہیں۔
انہوں نے پائیدار ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیداری 21 ویں صدی میں ترقی کا محرک ہے۔
فرانسس 15 تا 19 اپریل افتتاحی ہفتہِ پائیداری کی میزبانی کریں گے جس کا موضوع ہے "پائیدار مستقبل کی راہ ہموار کرنا"۔ اس میں سیاحت، نقل و حمل، بنیادی ڈھانچے اور توانائی جیسے اقتصادی شعبوں پر روشنی ڈالی جائے گی اور قرضوں کی پائیداری اور سماجی و اقتصادی مساوات جیسے اہم چیلنجزسے نمٹنے کی راہ تلاش کی جائے گی تاکہ مختلف اقدامات کا خاکہ تیار کیا جاسکے۔
فرانس نے شِنہوا کے ساتھ انٹرویو میں عالمی قرضوں کو خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں پائیدار ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ یہ بحران ترقی میں رکاوٹ ہے اور بہت سے ممالک میں خراب حالات کو بدتر بنارہا ہے۔