شین ژین(شِنہوا)2022ء میں چینی ٹیک کمپنی ہواوے کی آمدن 6 کھرب 36 ارب 90 کروڑ یوآن(تقریباً 91 ارب 59 کروڑ امریکی ڈالر) تک پہنچنے کی توقع ہے۔
کمپنی کے روٹیٹنگ چیئرمین ایرک شو نے جمعہ کے روز کمپنی کی جانب سے سال نو کے پیغام میں کہا کہ کارکردگی پیشگوئی کے مطابق ہے۔
ایرک شو نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ہواوے کے آئی سی ٹی انفراسٹرکچر کے کاروبار میں مسلسل ترقی برقرار رہی ہے اور ڈیوائس کے کاروبار میں کمی ہوئی ہے۔اس نے ڈیجیٹل پاور اور ہواوے کلاؤڈ میں تیزی سے ترقی حاصل کی اور ذہین آٹوموٹیو پرزوں کی مسابقت اور صارف کے تجربے کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا ہے۔
ایرک شو نے کہا کہ 2022ء میں ہم نے کامیابی کے ساتھ خود کو بحرانی کیفیت سے نکال لیا ہے ۔ امریکی پابندیاں اب ہمارے نئے معمول ہیں اور ہم معمول کے مطابق کاروبار پر واپس آ گئے ہیں۔
2021ء میں ہواوے کی آمدن 6 کھرب 36 ارب 80 کروڑ یوآن رہی تھی جو 2020ء کی آمدن 8 کھرب 91 ارب 40 کروڑ یوآن سے کم ہے۔ 2021ء میں اس کی آر اینڈ ڈی سرمایہ کاری 1 کھرب 42 ارب 70 کروڑ یوآن تک پہنچ گئی جو اس کی سالانہ آمدن کے 22.4 فیصد کے برابر ہے۔