• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

19ویں چین-آسیان نمائش ریکارڈ کاروبار کے ساتھ اختتام پذیرتازترین

September 21, 2022

نان ننگ (شِنہوا) چین کے جنوبی گوانگ شی ژوانگ خوداختیار خطے کے دارالحکومت نان ننگ میں منعقدہ 19ویں چین-آسیان نمائش اختتام پذیر ہو گئی ہے جس کے دوران ریکارڈ تعداد میں کاروباری سودے کیے گئے۔

نمائش کے سیکرٹریٹ کے سیکرٹری جنرل وی ژاؤہوئی نے  ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مجموعی طور پر 267 ملکی اور بین الاقوامی معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن میں 400 ارب یوآن (تقریباً 57 ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری ہوئی ہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہے۔

وی ژاؤہوئی کے مطابق نمائش کے دوران 88  آن لائن اور آف لائن اقتصادی اور تجارتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں نئےاعلیٰ درجے کے دھاتی مواد، صحت، سیاحت اور ثقافت، نئے سبز کیمیائی مواد اور مکینیکل آلات کی تیاری جیسے شعبے شامل ہیں۔

رواں سال 1 لاکھ 2ہزار مربع میٹرز پر محیط اس نمائش نے  40 ملکوں سے 1 ہزار653 کاروباری اداروں کو راغب کیا، جس میں 5 ہزار400 نمائشی بوتھ قائم کیے گئے تھے۔ نمائشی ہال میں اوسطاً روزانہ تقریباً 25ہزار600 افراد نمائش دیکھنے آئے جو گزشتہ نمائش کے مقابلے میں 19.2 فیصد زیادہ ہے۔

سال 2004میں پہلی چین -آسیان نمائش کے انعقاد کے بعد سے یہ تقریب آسیان کے کاروباری اداروں کے لیے چینی مارکیٹ میں داخلے کا ایک پلیٹ فارم بن گیا ہے۔