اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام رکن ممالک سے اقوام متحدہ کے منشورخصوصاً قانون کی حکمرانی کے وژن اور اقدار کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیاہے۔
اقوام متحدہ سربراہ نے بین الاقوامی امن وسلامتی کو برقرار رکھنے میں قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ تمام رکن ممالک پر اقوام متحدہ کے چارٹر اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے وژن اور اقدار کو برقرار رکھنے اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ قانون کی حکمرانی اقوام متحدہ اورامن مشن کی بنیاد ہے اور یہ کہ قانون کی حکمرانی کی بنیاد اس پر ہے کہ تمام افراد ،سرکاری اور نجی ادارے بشمول خود ریاست قانون کے سامنے جوابدہ ہیں انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کمزوروں کی حفاظت کرتے ہوئے امتیازی سلوک، ہراساں کرنے اور دیگر زیادتیوں کو روکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نسل کشی سمیت ظلم پر مبنی جرائم کے خلاف دفاع کی ہماری پہلی لائن ہے۔ یہ اداروں میں اعتماد پیدا اور تقویت دیتی ہے۔ یہ منصفانہ، جامع معیشتوں اور معاشروں کی حمایت کرتی ہےاور یہ بین الاقوامی تعاون اور کثیرالجہتی کی بنیاد ہے۔