نیروبی(شِنہوا) کینیا میں موسمی چکر، ال نینو کے باعث ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کم از کم 38 افراد ہلاک اور تقریباً 30ہزار بے گھر ہو گئے ہیں۔
کینیا ہلال احمر (کے آر سی)کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ دریائے تانا، مکوینی، وجیر، اسیولو، مارسابیت اور مانڈیرا کاؤنٹیوں کے بنجر اور نیم بنجر علاقوں کے رہائشی ہیں، جو 40 سال کی بدترین خشک سالی کے اثرات سے ابھی تک باہر نکل نہیں پائے تھے۔
تانا ریور کاؤنٹی میں، دریائے تانا میں آںے والے سیلاب سے گھر، کھیت، اسکول اور عبادت گاہیں زیر آب آگئی ہیں جس سے سیکڑوں رہائشی بے گھرہوگئے ہیں۔سیلاب متاثرین نے شاہراہوں کے کنارے پناہ لے رکھی ہے۔ اسی طرح کی صورتحال گاریسا کاؤنٹی میں بھی ہے، جہاں کاروبار، کھیت اور گھر ڈوب گئے ہیں، جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا ہے۔