جینان(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبہ شان ڈونگ کے دارالحکومت جینان میں رواں سال سے خاندانوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کیلئے نقد سبسڈی دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مقامی حکومت کی جانب سے بچے کی پیدائش کی پالیسی کو بہتر بنانے اور طویل مدتی اور متوازن آبادی کی نشوونما کو فروغ دینے کے نفاذ کیلئے جاری کردہ منصوبے کے مطابق شہر میں جوڑوں کو یکم جنوری سے پیدا ہونے والے اپنے دوسرے یا تیسرے بچے کے 3 سال کے ہونے تک 600 یوآن(تقریباً 88.6 امریکی ڈالر) ماہانہ الاؤنس دیا جائیگا۔
سبسڈی کی اہلیت کیلئے والدین اور دوسرے یا تیسرے بچے کے پاس شہر میں گھریلو رجسٹریشن کا درجہ یا "ہوکو" ہونا چاہیے۔
بچے کی پیدائش میں معاونت کیلئے دیگر پالیسیوں کے تحت خواتین کو زچگی کے دوران 158 دن کی چھٹیاں دی جاتی ہیں اور ان کے شریک حیات کو کم از کم 15 دن کی چھٹی دی جاتی ہے۔ والدین اپنے بچے کے 3 سال کے ہونے تک ہر سال کم از کم 10 چھٹیاں لے سکتے ہیں۔
دوسرے یا تیسرے بچے والے خاندانوں کو اسکولنگ، میڈیکل انشورنس اور پبلک رینٹل ہاؤسنگ میں بھی حکومتی امداد فراہم کی جائیگی۔