کینبرا (شِنہوا) آسٹریلیا میں چین کے سفیر شیاؤ چھیان نے کہا کہ چین اورآسٹریلیا کے تعلقات اس وقت تبدیلی کے نازک مرحلے پر ہیں، اورمیرے خیال کے مطابق بہتر تعلقات مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے لیے مزید اعتماد پیدا کریں گے۔
چینی سفارتخانے کی طرف سے نئے سال کی مناسبت سے صحافیوں سے ملاقات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیاؤنے کہا کہ 2022 چین اور آسٹریلیا کے تعلقات کے لیے ایک "غیر معمولی سال" تھا، جس کے دوران مشکلات دورہوئیں اور دونوں جانب سے کی گئی کوششوں کی بدولت تعلقات میں مثبت رفتار حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تعلقات کے حوالے سے اپنے عزم کی تجدید کے ساتھ اسے صحیح راستے پر لانے ،دونوں ممالک کے رہنماوں اورچین-آسٹریلیا خارجہ اور سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے مشترکہ بیان میں حاصل ہونے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے۔
چینی سفیر نے آسٹریلیا پر زور دیا کہ وہ چین کو زیادہ حقیقی انداز میں دیکھے اور چین سے متعلق اپنی دفاعی پالیسی حقائق اور معقولیت کی بنیاد پر تشکیل دے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ دوسرے ملک کودشمن خیال کرتے ہیں تو اس کے ساتھ آپ کا حقیقی معنوں میں مخلص، حقیقی اور اچھا رشتہ کیسے ہو سکتا ہے ۔
چینی سفیر نے کہا کہ یہ بالکل درست نہیں ہے کہ چین آسٹریلیا کے لیے ممکنہ خطرہ ہے یا ہو سکتا ہے۔ ہمارے لیے اس پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہوسکتی اور ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔
شیاؤنے برطانیہ اور امریکہ کے ساتھ آسٹریلیا کے سیکورٹی معاہدے کو غیرتعمیری قرار دیتے کہا کہ یہ مددگار نہیں اوراس طریقہ کار کے تحت آسٹریلیا کا جوہری آبدوز کی تیاری کامعاہدہ بین الاقوامی عدم پھیلاؤ کی کوششوں اور اسکے اپنے مفاد کے خلاف ہے۔