• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چینی و فلسطینی صدور کی ملاقات،دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاقتازترین

June 14, 2023

بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے بدھ کو بیجنگ میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔

صدر شی نے محمودعباس کے دورہ چین کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال کے آخر میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں پہلی چین-عرب ریاستوں کے سربراہ اجلاس میں ان کی مشترکہ شرکت اور دو طرفہ ملاقات کا ذکر کیا جس کے دوران کئی اہم مشترکہ مفاہمتیں طے پائی تھیں۔

چینی صدر شی نے مارچ میں چینی صدر کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر تہنیتی خط بھیجنے پر محمودعباس کا شکریہ ادا کیا۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ محمودعباس اس سال چین کے پہلے  مہمان عرب سربراہ مملکت ہیں اور یہ دورہ چین-فلسطین تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔

شی جن پھنگ نے زور دے کر کہا کہ چین اور فلسطین اچھے دوست اور اچھے شراکت دار ہیں جو ایک دوسرے پر بھروسہ اور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین فلسطین لبریشن آرگنائزیشن اور ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے اور اس نے فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کے لیے بھرپور حمایت کی ہے۔

صدر شی نے کہا کہ دنیا میں بے مثال تبدیلیوں اور مشرق وسطیٰ میں ہونے والی نئی پیش رفتوں کا سامنا کرتے ہوئے چین فلسطین کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے اور وہ جلد از جلد فلسطین کے مسئلے کے جامع، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے کام کرے گا۔

دونوں صدور نے مشترکہ طور پر چین اور فلسطین کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری کے قیام کا اعلان کیا۔

چینی صدرشی نے کہا کہ سٹرٹیجک شراکت داری کا قیام دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے جو ماضی کی کامیابیوں پر استوار ہے اور ایک روشن مستقبل کی نوید دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین فلسطین کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ دوستی اور تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرنے کے اس موقع سے استفادہ  کرے گا۔