اسلام آباد(شِنہوا)پاکستان بھر میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد گزشتہ 7 ہفتو ں کے دوران 478 تک پہنچ گئی ہے۔نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے منگل کے روز تازہ اعدادوشمار کے مطابق 14 جون سے جاری مون سون کی شدید بارشوں نے ملک کو متاثر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اور بارش سے حادثات میں 536 افراد زخمی اور ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے ہیں۔بلوچستان سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سے ایک ہے جہاں 136 افراد جاں بحق ہوئے، 13 ہزار 535 مکانات جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوئے اور 13 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے صوبے میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب سے تباہی ناقابل بیان ہے۔ حکومت متاثرہ افراد کی مدد کے لئے دن رات کام کررہی ہے۔ متاثرہ علاقوں سے بحفاظت نکالے جانے والے متاثرین کو راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔