اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر غزہ میں جنگ دوسرے مہینے تک جاری رہی تو فلسطین میں غربت کی شرح 34 فیصد تک بڑھ جائے گی، جس سے تقریباً 5لاکھ مزید افراد غربت کا شکار ہوجائیں گے۔
اقوام متحدہ کے دو اداروں، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور مغربی ایشیا کے اقتصادی و سماجی کمیشن(ای ایس سی ڈبلیو اے) کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق ایسے حالات میں، فلسطین کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) میں 8.4 فیصد یا1ارب 70کروڑ ڈالر کمی واقع ہو گی۔
دونوں ایجنسیوں نے فلسطین پر غزہ جنگ کے سماجی و اقتصادی اثرات کے بارے میں گزشتہ روز جاری کردہ اپنی رپورٹ میں کہا کہ ایک اندازے کے مطابق، جنگ کے ایک ماہ کے بعد، غربت میں 20 فیصد اضافہ ہوا اور اقتصادی ترقی میں 4.2 فیصد کمی آئی۔
تخمینے میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا اندازہ ہے کہ جنگ کے پہلے مہینے میں3لاکھ 90ہزار ملازمتیں ختم ہو چکی ہیں۔
تخمینوں کے مطابق، جنگ کے تیسرے مہینے میں غربت میں تقریباً 45 فیصد اضافہ ہوگا، جس سے غربت کا شکار ہونے والے اضافی افراد کی تعداد6لاکھ 60ہزار سے زیادہ ہو جائے گی، جب کہ جی ڈی پی میں 12.2 فیصد کمی آئے گی جس کے مجموعی نقصانات 2ارب50کروڑ ڈالر ہوں گے۔