بغداد (شِنہوا) چین کی سب سے بڑی تیل و گیس کمپنی چائنہ نیشنل پیٹرولیم کارپوریشن (سی این پی سی) نے امریکی تیل کمپنی ایگزون موبل سے عراق کی مغربی قرنا 1 آئل فیلڈ کا چارج لے لیا ۔ چینی کمپنی کو اس آئل فیلڈ کا مرکزی ٹھیکیدار مقرر کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں عراق کےجنوبی صوبے بصرہ میں ایک حوالگی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں عراقی حکام، چینی سفارت کاروں اور سی این پی سی، بصرہ آئل کمپنی، ایگزون موبل اور دیگر اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
شِںہوا سےگفتگو کرتےہوئے عراقی نائب وزیر برائے تیل باسم محمد خدیر نے سی این پی سی کو نئی شراکت داری کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں سی این پی سی کی افرادی قوت، حکمت عملی اور وژن پر مکمل بھروسہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ منصوبہ مقررہ وقت میں پایہ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔
بصرہ میں چینی قونصلیٹ میں قونصلر جی گانگ نے توقع ظاہر کی کہ چین اور عراق مغربی قرنا 1 آئل فیلڈ منصوبے کو دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کی بہترین مثال بنانے کے لئے ملکر کام کریں گے۔
منصوبے کے جنرل منیجر چھن مینگ ژو نے بتایا کہ سی این پی سی باہمی فائدہ مند تعاون کے اصول ، وسیع مشاورت، مشترکہ شراکت اور مشترکہ فوائد کے وژن پر عمل کرکے ہموار حوالگی اور منظم منتقلی کو یقینی بنائے گی۔
مغربی قرنا 1 آئل فیلڈ صوبے بصرہ کے دارالحکومت سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے یہ عراق کی بڑی آئل فیلڈز میں سے ایک ہے جس کی سالانہ خام تیل کی پیداوار کا تخمینہ 2 کروڑ 50 لاکھ ٹن سے زائد ہے۔