کمپالا (شِںہوا) یوگنڈا، سوڈان اور بولیویا کے اعلیٰ حکام نے عالمی مسائل میں شفافیت کے فروغ میں چین کے کردار کو سراہا ہے۔
انہوں نے 19 ویں غیر وابستہ تحریک کے سربراہ اجلاس کے اختتام اور تیسرے جنوب سربراہ اجلاس کے آغازکے موقع پر شِںہوا کو بتایا کہ چین ترقی پذیر ممالک کی سیاسی، سماجی اور معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔
سوڈان کے قائم مقام وزیر خارجہ علی الصادق نے کہا ہے کہ چین افریقہ کا اہم شراکت دار ہے۔ ہم براعظم میں چین کی موجودگی کو مثبت نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ چین افریقی ممالک کی ترقی کےبارے میں پرعزم ہے جس میں اس کا کوئی مفاد نہیں ہے۔
یوگینڈا کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ اوکیلو اوریم نے کہا کہ چین نے ہمیشہ نوآبادیات کے خلاف جدوجہد میں ترقی پذیر ممالک سے تعاون کیا ہے ۔ چین موزمبیق، زمبابوے، جنوبی افریقہ اور نمیبیا کی آزادی میں افریقہ کے ساتھ کھڑا تھا۔
اوریم نے غزہ کی پٹی میں جاری تنازع پر چینی مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ملک نے ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل کی وکالت کی ہے۔
بولیویا کی وزیر خارجہ سیلنڈا سوسا لونڈا نے چین کو جنوبی امریکی ملک کا ترقیاتی شراکت دار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بولیویا اسرائیل ۔ فلسطین تنازع کے حل میں چین کی طرح ہی نظریہ رکھتا ہے اور ہم فلسطینی عوام کی زندگیاں بچانے کی ہر کوشش میں تعاون جاری رکھیں گے۔