خرطوم(شِنہوا)سوڈان کی عبوری خود مختار کونسل کے چیئرمین اور سوڈانی مسلح افواج (ایس اے ایف) کے جنرل کمانڈر عبدالفتاح البرہان جمعرات کو سرکاری دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ روانہ ہوئے۔
خود مختار کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ البرہان قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں سمیت باہمی تشویش کے مسائل اور سوڈان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ البرہان کے ہمراہ قائم مقام وزیر خارجہ علی الصادق اور جنرل انٹیلی جنس سروس کے ڈائریکٹر احمد ابراہیم مفدل بھی ہیں۔
اپریل کے وسط میں ایس اے ایف اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف ) کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے مصر اور جنوبی سوڈان کے دوروں کے بعد یہ البرہان کا تیسرا غیر ملکی دورہ ہے۔
سوڈانی وزارت صحت کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم اور دیگر علاقوں میں تباہ کن تنازعہ تاحال جاری ہے جس میں کم سے کم 3ہزار افراد ہلاک اور6ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔