اواگادوگو(شِنہوا)برکینا فاسومیں مسلح افراد کے دوالگ الگ حملوں میں فوجیوں اور شہریوں سمیت کم از کم 28 افراد ہلاک ہو گئے۔
کاسکیڈس کے علاقے کے گورنر کرنل جین چارلس ڈٹ ییناپونو سوم اور فوج کے مطابق اتوار کو مغربی برکینا فاسو کے صوبے کومو میں نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں کوٹ ڈی آئیوری کی سرحد پر پندرہ شہری ہلاک ہو گئے۔
واقعے میں دو منی بسوں میں سوار افراد متاثر ہوئے جنہیں اتوار کی شام نامعلوم مسلح افراد نے صوبے کے گاؤں لنگیوکورو میں روکا۔ منی بسوں میں سوار24 میں سے 9 مسافروں کو رہا کر دیا گیا جبکہ دو منی کاروں کو بعد میں آگ لگا دی گئی اور دیگر مسافروں کو اغوا کر لیا گیا۔ ایک عہدیدار نے ایک بیان میں کہا کہ پیرکو 15 متاثرین کی گولیوں سے چھلنی لاشیں گاؤں کے قریب سے ملیں جہاں سے انہیں اغوا کیا گیا تھا۔
فوج نے منگل کو ایک الگ بیان میں کہا کہ پیر کے روز صوبہ سینو کے علاقے فالنگوتاؤ میں نامعلوم مسلح افراد کے دہشت گردانہ حملے میں دس پولیس اہلکاروں ،دو فوجی معاونین اورایک شہری سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
تاحال کسی نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔