واشنگٹن(شِنہوا)امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ اپنے سابقہ نجی دفتر سے سرکاری ریکارڈ کے برآمد ہونے پر حیران ہیں۔
میکسیکو اور کینیڈا کے رہنماؤں کے ساتھ سہ فریقی سربراہی اجلاس کیلئے میکسیکو سٹی پہنچنے والے جو بائیڈن نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مجھے یہ جان کر حیرانگی ہوئی کہ وہاں کوئی سرکاری ریکارڈ موجود تھا جسے اس دفتر میں لے جایا گیا تھا۔
جوبائیڈن نے بتایا کہ وہ نہیں جانتے کہ بند الماری سے ملنے والی ان دستاویزات میں کیا ہے، یہ دستاویزات اس وقت ملیں جب ان کے وکیل واشنگٹن ڈی سی کے پین بائیڈن سینٹر میں دفتر کی جگہ خالی کر رہے تھے۔
پین بائیڈن سینٹر پنسلوانیا یونیورسٹی سے وابستہ ایک تھنک ٹینک ہے جو وائٹ ہاؤس سے تھوڑے فاصلے پر واقع ہے اور اس کا نام جنوری 2009ء سے جنوری 2017ء تک نائب امریکی صدر رہنے والے ایک سابق ڈیموکریٹ بائیڈن کے نام پر رکھا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے خصوصی مشیر رچرڈ سوبر نے پیر کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بائیڈن 2017ء کے وسط سے 2020ء میں اپنی صدارتی مہم کے آغاز تک وقتاً فوقتاً اس جگہ کو استعمال کرتے رہے ہیں۔