بیجنگ (شِنہوا) چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ قومی سلامتی کے نام پراپنے ملک میں چینی طلباء کا پیچھا کرنا بند کرے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے گزشتہ روز باقاعدہ نیوز بریفنگ میں کہا کہ امریکہ نے بغیر کسی وجہ کے چینی طلباء کو حراست میں لیا، پوچھ گچھ کی اور ملک بدر کیا اور ان کے خلاف الزامات عائد کیے، یہ سیاسی مقاصد کے لیے چینی طلباء پر بے دریغ دباؤ اور ظلم ہے۔ ہم اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔ ترجمان نے ان خیالات کا اظہار ایف بی آئی کی جانب سے حال ہی میں ایک چینی طالب علم کی اس کی سٹڈی ایپلی کیشن کے مواد سے ذاتی معلومات چرا کر اسے گرفتار اوراس پر "ویزہ فراڈ" کےالزام سے متعلق رپورٹس کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کیا۔ اس کے علاوہ، امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کی طرف سے تین چینی طلباء کو بغیر کسی ثبوت یا حقائق کے حراست میں لیا گیا، ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور انہیں ملک بدر کر دیا گیا۔ وانگ نے کہا کہ عوام سے عوام کے تبادلے چین امریکہ تعلقات کے لیے عوامی حمایت کی بنیاد ہیں جن میں علمی، تعلیمی، سائنسی اور تکنیکی تبادلے ایک اہم حصہ ہیں۔