بیجنگ(شِنہوا)چین نے اس امید کا اظہارکیا ہے کہ امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو یکطرفہ طورپر روکنا بند کرتے ہوئے فوری طور پر فلسطین-اسرائیل جنگ بندی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ان خیالات کااظہار ایک باقاعدہ پریس بریفنگ میں بروکنگز انسٹی ٹیوشن میں چین میں امریکی سفیر نکولس برنز کے بیان سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کیا،جس میں انہوں نے کہا تھا کہ چین مشرق وسطیٰ میں زیادہ بااثر بننے کا خواہاں ہے لیکن تنازعہ کو ختم کرنے کا کام حقیقت میں صرف امریکی کندھوں پر ہے۔
وانگ نے کہا کہ فلسطینی اسرائیل تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے چین جنگ بندی کے قیام، شہریوں کے تحفظ اور انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے کوشاں رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نومبر میں سلامتی کونسل کے صدر کے طور پر، چین نے فلسطینی اسرائیل کے درمیان موجودہ تنازعہ شروع ہونے کے بعد سلامتی کونسل کی پہلی قرارداد کی منظوری میں کردار ادا کیا، فلسطین اسرائیل تنازعہ کے حل کے بارے میں پوزیشن پیپرپیش کیا اورسلامتی کونسل کی جانب سے مزید حمایت اور کارروائی کے لیے کوشش کی ۔