اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شام کے دو ہوائی اڈوں پر تباہ کن اسرائیلی حملے انتہائی تشویشناک ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل کی جانب سے انتباہ اوراسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافےپر تشویش کے اظہارکے باوجود حلب اوردمشق کے ہوائی اڈوں پر اسرائیلی حملوں کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ گوتریس شام میں تمام تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں اور تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کریں، اس بات کو یاد کرتے ہوئے کہ شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔
ترجمان نے روزانہ کی پریس بریفنگ میں کہاکہ ہم ایک ایسے دورمیں ہیں جہاں کشیدگی بڑھ گئی ہے، اورکوئی بھی غلط اندازہ پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں وسیع تر تشدد کا باعث بن سکتا ہے۔