اقوام متحدہ(شِنہوا)فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی کے سربراہ فلپ لازرینی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدمات کی فراہمی میں ایک اہم موڑ قریب آ رہا ہے۔
انہوں نے جمعہ کو مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی کانفرنس سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ ایجنسی ایک بہت بڑے مالیاتی بحران سے گزر رہی ہے اور ہماری ذمہ داریاں نبھانے کے تناظر میں یہ مالیاتی بحران ہمارے بنیادی وجود کے لیے خطرہ کا باعث بن چکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بحران حقیقی ہے جو مزید شدت اختیار کررہا ہے اور یو این آر ڈبلیو اے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال اب اور بھی نازک ہے کیونکہ چند پرعزم عطیہ دہندگان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ایجنسی کے لیے اپنے تعاون میں خاطر خواہ کمی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کی طرف سے عطیات جو 2018 میں کل عطیات کے 25 فیصدکے ریکارڈ سطح پر تھے ، 2021 میں گر کر 3 فیصد رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک خاص طور پر یورپی ممالک بھی اپنی مجموعی بین الاقوامی امداد پر نظر ثانی کر رہے ہیں جس سے یو این آر ڈبلیو اے کی سرگرمیاں متاثر ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے اقوام متحدہ کے کسی دوسرے انسان دوست یا ترقیاتی ادارے کی طرح نہیں ہے۔ اس تنظیم کی انفرادیت یہ ہے کہ یہ واحد تنظیم ہے جسے خطے کی سب سے زیادہ بے سہارا کمیونٹی فلسطینی پناہ گزینوں کو حکومت جیسی خدمات فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔