کابل(شِنہوا)افغانستان کی نگران حکومت کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی نے بیرونی ممالک کی طرف سے عائد پابندیوں کو ظالمانہ قرار دیاہے۔
غیر قانونی طور پر بلغاریہ لے جانے کے دوران جاں بحق ہونے والے افغان تارکین وطن کے اہل خانہ سے جمعرات کو ملاقات کے لیے منعقدہ ایک تقریب میں امیر خان متقی نے بیرونی ممالک کی طرف سے عائد پابندیوں کو ظالمانہ اور افغانوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔
متقی نے افغانستان کو تمام افغانوں کا گھر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہرکسی کوحق حاصل ہے کہ وہ حکومت کے لیے اپنی پسندیدگی سے قطع نظر باوقارزندگی گزارے اور اس ملک میں کاروبار میں سرمایہ کاری کرے۔
بلغاریہ سمگل کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے 18 افغان تارکین وطن کی لاشیں بدھ کے روز افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچائی گئیں۔
اطلاعات کے مطابق بلغاریہ کے حکام نے یہ لاشیں ملک کے دارالحکومت صوفیہ کے قریب ایک ہائی وے پر چھوڑے گئے ٹرک کے عقب میں ایک خفیہ ڈبے سے برآمد کیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ تمام 18 افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے اوران ہلاکتوں کے سلسلے میں سات افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔