یروشلم/قاہرہ(شِنہوا)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہواورمصری صدرعبدالفتاح السیسی نے سرحد پر فائرنگ سے ایک مصری پولیس اہلکار اور تین اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیکورٹی رابطے کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
منگل کونیتن یاہو کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ فون کال کے دوران سیسی نے ہفتے کے روز صحرائے سینائی کی سرحد پر ہونے والی تباہ کن فائرنگ پر اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے امن اور سیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا جو دونوں ممالک کے لیے ضروری ہے۔
مصری ایوان صدر کے ترجمان احمد فہمی نے کہا کہ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی روشنی میں کام اور ہم آہنگی کو جاری رکھنے کے لیے دونوں فریقوں کی رضامندی بھی ظاہرکی۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے مطابق ہفتے کی صبح پیش آنے والے واقعے میں ایک مصری پولیس اہلکار نے تین اسرائیلی فوجیوں کو مار ڈالاجبکہ جوابی حملے میں دوسرے فوجیوں نے حملہ آور ہلاک کردیا ۔
مصری فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین اسرائیلی فوجی اورمصری سکیورٹی فورسز کا ایک رکن اس وقت مارا گیا جب مصری سیکورٹی اہلکار اسرائیل کی سرحد کے قریب منشیات سمگلروں کا تعاقب کر رہا تھا۔