عمان (شِنہوا)اردن نے چارفریقی سربراہ اجلاس کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اردن کی سرکاری پیٹرا نیوز ایجنسی نے بدھ کو کہا کہ سربراہ اجلاس میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم، امریکی صدر جو بائیڈن، فلسطینی صدر محمود عباس اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی ایک ساتھ شرکت کا منصوبہ تھا۔
اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن صفادی نے بدھ کے روز کہا کہ سربراہ اجلاس کی منسوخی کی وجہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی حملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ اجلاس کے ذریعےجنگ کو روکنے، فلسطینیوں کی انسانیت کا احترام کرنے اور ضروری امداد فراہم کرنے کے لیے ایک حل پیش کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سربراہ اجلاس کے انعقاد سے گریز کا فیصلہ فلسطینیوں اور مصری ہم منصبوں کے ساتھ مشاورت اور امریکہ کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا گیا۔
صفادی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ خونریزی کو روکے جبکہ سربراہ اجلاس اب ایسے وقت میں منعقد کیا جائے گا جب یہ جنگ کو روکنے کے قابل ہو سکے، غزہ کے لوگوں کو انسانی امداد پہنچا سکے اور تباہی کو ختم کر سکے۔
انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ امریکی صدر بدھ کو اردن کا دورہ نہیں کریں گے۔