پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے 2 مقبول اور باصلاحیت بہن بھائی، شہزاد شیخ اور مومل شیخ کا تعلق ایک مضبوط میڈیا بیک گرانڈ سے ہے، وہ معروف اداکار جاوید شیخ کے بچے ہیں، جو پاکستان کی ٹی وی اور فلم انڈسٹری میں ایک بڑا نام رکھتے ہیں۔حالیہ دنوں میں شہزاد اور مومل نجی ٹی وی کی رمضان نشریات میں مہمان بنے، اس پروگرام میں انہوں نے اس بارے میں گفتگو کی کہ اسٹار کڈز ہونے کے باوجود انہوں نے کن مشکلات کا سامنا کیا اور اپنی کامیابی کے لیے کتنی محنت کرنا پڑی۔شہزاد شیخ نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ مشہور شخصیت کے بچوں کے لیے اس پسِ منظر کے زیادہ نقصانات ہیں بجائے فوائد کے، کیونکہ لوگ ہم سے بہت زیادہ توقعات رکھتے ہیں، جب آپ کسی اداکار کے بچے ہوتے ہیں تو آپ کو پلیٹ فارم تو آسانی سے مل جاتا ہے، لیکن اداکاری آپ اپنے والدین سے نہیں سیکھ سکتے، آخر میں آپ کو اپنی جدوجہد خود ہی کرنی ہوتی ہے۔مومل شیخ نے بھی اس سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا، ان کا کہنا ہے کہ ہمیں بہت زیادہ محنت کرنا پڑی تاکہ ہم پر صرف جاوید شیخ کے بچے کا لیبل نہ لگے، بلکہ لوگ ہمیں ہماری اپنی پہچان سے جانیں، ہمیں اپنی جگہ خود بنانی پڑی اور یہ ثابت کرنا پڑا کہ ہم اپنی محنت اور ٹیلنٹ سے یہاں تک پہنچے ہیں، نہ کہ صرف ایک بڑے اداکار کے بچوں کی حیثیت سے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی