سابق وی جے اور اداکارہ نوین نقوی نے کہا ہے کہ شادی نہ کرنے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیںہے۔ ایک انٹرویو میں ایک سوال کے جواب میں نوین نقوی نے اعتراف کیا کہ ماضی کے مقابلے میں اب پاکستانی شوبز انڈسٹری میں خواتین کے لیے کافی سہولیات ہیں اور ماحول بھی اچھا ہوچکا ہے لیکن اب بھی مسائل موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب بھی مرد و خواتین کے معاوضوں میں فرق موجود ہے لیکن ماڈلنگ وہ واحد شعبہ ہے، جہاں خواتین ماڈلز کو مرد ماڈلز کے مقابلے زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر نوین نقوی نے بتایا کہ انہوں نے تاحال شادی نہیں کی اور انہیں رشتہ ازدواج سے منسلک نہ ہونے کا کوئی پچھتاوا نہیں، وہ اپنی زندگی سے مطمئن ہیں تاہم یہ سچ ہے کہ انہیں کبھی کبھار تنہائی کا احساس ہوتا ہے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ کھلی ذہنیت کی مالک ہیں، اگرچہ ابھی وہ تنہا ہیں لیکن کیا معلوم کہ کچھ عرصے بعد ان کی زندگی میں کوئی شخص آ چکا ہو۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی