معروف اداکار نعمان حبیب نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ پانچ سال سے رمضان کے دوران کسی بھی ڈرامے میں کام نہیں کرتے۔ ایک ٹی وی پروگرام میں نعمان حبیب نے رمضان کی مصروفیات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ، گزشتہ پانچ سالوں سے وہ رمضان میں کسی بھی ڈرامے میں کام نہیں کرتے سوائے رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کے کیونکہ یہ مہینہ اللہ کے ساتھ جڑنے کا اور عبادات میں گزارنے کا ہوتا ہے۔نعمان حبیب نے کہا کہ وہ اس ماہ میں خود کو روحانی اور جسمانی طور پر اللہ کے حوالے کر دیتے ہیں اور ان کا پورا رحجان نماز پڑھنے، روزہ رکھنے اور دیگر عبادات اور فرائض کی ادائیگی میں جڑا رہتا ہے۔ اس کے علاوہ، وہ اپنی فٹنس پر بھی توجہ دیتے ہیں اور اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔نعمان حبیب کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے کہ وہ پورے مہینے ڈرامہ نہ بھی کریں، پھر بھی سب کچھ اچھا ہو جاتا ہے کیونکہ اعمال کا دارومدار نیت پر ہوتا ہے۔ جب نیت اللہ کے ساتھ جڑنے کی ہو، تو پھر ہر کام میں برکت آتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی